حیدرآباد۔ ریلویز کی انسانیت نوازی کی مثال اس وقت سامنے آئی جب حاملہ
خاتون کو درد ہونے پر ریلوے کے تمام اہلکار چوکس ہوگئے اور ٹرین کو روک دیا
گیا ۔ بعد ازاں ریلوے کے افسروں کی جانب سے کئے گئے انتظامات کے بعد اس
خاتون نے نومولود کو جنم دیا ۔ ٹرین کے اچانک روک دینے پر مسافرین میں
تشویش کی لہر دیکھی گئی لیکن اس وقت تمام مسافرین نے سکون اور راحت کی سانس
لی جب انہیں یہ پتہ چلا کہ خاتون نے بچہ کو جنم دیا ہے ۔ ان کا یہ انتظار
خوشی میں تبدیل ہوگیا اور یہ مسافرین بھی اس خاندان کی خوشی کا حصہ بن گئے ۔
یہ واقعہ تلنگانہ کے ضلع کریم نگر کے راما گنڈم
میں پیش آیا ۔ ٹرین میں
سفر کے دوران راجستھان سے تعلق رکھنے والی حاملہ خاتون سرمادیوی کو درد
ہورہا تھا ۔ یہ خاتون اپنے شوہر پرکاش کے ساتھ چنئی سے جودھپور جارہی تھی کہ ٹرین کے
تلنگانہ کے ضلع کریم نگر کے پدا پلی پہنچنے پر خاتون کو درد شروع ہوگئے جس
پر ریلوے کنٹرول روم کو اس بات کی اطلاع دی گئی ۔ ریلوے کے افسروں نے اس
خاندان کے ساتھ مکمل تعاون کیا اور ٹرین کو راما گنڈم میں روک دیا گیا تاکہ
خاتون کو اسپتال منتقل کیا جائے تاہم خاتون کے درد میں اضافہ پر ریلوے کی
خاتون ملازم ریوتی کی مدد سے عارضی طور پر انتظامات کئے گئے جہاں سرما دیوی
نے بیٹے کو جنم دیا ۔